بھٹکل 4/نومبر (ایس او نیوز) پڑوسی تعلقہ ہوناور کے ہیرانگڈی میں ایک سرکاری بس بے قابو ہوکر قریبی دکان میں گھس گئی جس کے بعد ایک کمپاونڈ کی دیوار سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور کو چوٹیں آئی ہیں جبکہ دکان سمیت کمپاونڈ کی دیوار گرنے سے نقصان ہوا ہے۔ حادثے میں بس کے اگلے حصے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ حادثہ پیر کی صبح قریب چھ بجے پیش آیا. بتایا گیا ہے کہ بس ہیرانگڈی میں رات سے پارک تھی، صبح جیسے ہی ڈرائیور بس پر سوار ہوا اور چابی گھمائی بس اچانک ڈھلان میں آگے بڑھتے چلی گئی۔
سمجھا جارہا ہے کہ بس کا بریک فیل ہوگیا تھا جس کی وجہ سے بس کو اسٹارٹ کرتے ہی بس ڈھلان کی وجہ سے تیزی کے ساتھ نیچے اُترتی چلی گئی اور درائیور بس کو قابو میں نہیں کرسکا۔ ہیرانگڈی سے جناب عبدالقادر صاحب نے حادثے کا شکار بس اور دکان کی تصویریں بذریعہ وہاٹس ایپ روانہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ خود بھی ہوناور جانے کے لئے اس بس پر سوار ہوگیا تھا مگر کچھ کام یاد آجانے کی وجہ سے بس سے اُتر گیا تھا، مگر جیسے ہی ڈرائیور نے بس کو اسٹارٹ کیا، بس تیزی کے ساتھ نیچے ڈھلان والے راستے پر اُترتی ہوئی جناب ابومحمد عمر عرف باپو صاحب کی دکان سے ٹکراگئی، پھر آگے بڑھتے ہوئے راستہ کنارے بنے ہوئے نالے میں اُتر کر دیوار سے ٹکراتے ہوئے رُک گئی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ بس ہمیشہ رات کو 9 بجے ہیرانگڈی پہنچتی ہے، پھر صبح چھ بجے مسافروں کو لے کر ہوناور کے لئے نکلتی ہے۔ چونکہ بس اسٹارٹ کرنے کے دوران یہ حادثہ پیش آیا اس وجہ سے بس پر کوئی بھی مسافر سوار نہیں ہوا تھا۔ ان کے مطابق زخمی ڈرائیور کو فوری طور پر ہوناور اسپتال لے جایا گیا ہے۔ بس کے دکان کے اندر گھسنے سے دکان کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے ۔